مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران میں ہفتہ وحدت کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں "امت رسول اللہ" کے مرکزی شعار کے تحت جشن اور مختلف تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ اس موقع پر مختلف صوبوں خاص طور پر سرحدی علاقوں میں خصوصی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
اسلامی تبلیغات کی رابطہ کونسل کے تقریبات اور صوبائی امور کے نائب سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید محمدرضا میرتاج الدینی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس ہفتے کے پروگراموں کی تفصیلات بیان کیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال اور "قائد شہید امت" حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے پیش نظر ہفتہ وحدت کا مرکزی انتظامی ڈھانچہ کئی ہفتے قبل قائم کردیا گیا تھا۔
میرتاج الدینی نے کہا کہ اس سال کے پروگراموں کو عوام کے بڑے اجتماعات اور رات کے عوامی اجتماعات سے بھی جوڑا گیا ہے۔ ملک بھر میں تقریبات آج منگل، 12 ربیع الاول سے شروع ہوگئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال کے پروگراموں کا ایک اہم محور شیعہ اور اہل سنت علما اور دانشوروں کے درمیان مشترکہ خصوصی نشستیں ہیں۔ یہ نشستیں صوبوں میں اسلامی وحدت کی 38ویں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مہمانوں کی موجودگی میں منعقد ہوں گی۔
ان کے مطابق اس سال ان نشستوں میں امام خمینی اور امام مجاہد شہید کی اتحاد بین المسلمین اور تقریب مذاہب سے متعلق افکار کا جائزہ لینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اسلامی تبلیغات کی رابطہ کونسل کے نائب سربراہ نے کہا کہ ایسے حالات میں جب ایران، غزہ و فلسطین اور لبنان سمیت اسلامی ممالک کو امریکہ اور اسرائیلی حکومت کی سربراہی میں استکباری طاقتوں کے شدید حملوں کا سامنا ہے، اسلامی وحدت ایک اسٹریٹجک ضرورت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ایک دوسرے کی قسمت سے لاتعلق نہیں ہونا چاہیے اور مظلوموں کی حمایت کے لیے میدان میں آنا چاہیے۔
میرتاج الدینی نے تہران میں ہونے والے پروگراموں کے حوالے سے بتایا کہ "جشن امت احمد" کے عنوان سے ایک تقریب "دنیا رحمت کی آغوش میں" کے شعار کے ساتھ تہران کے ہفت تیر اسکوائر سے ولی عصر اسکوائر تک منعقد ہوگی۔
آپ کا تبصرہ